ڈریپ کی مقامی دوا ساز کمپنیوں سے نایاب اور جینیاتی بیماریوں کی مہنگی ادویات پاکستان میں تیار کرنے کی درخواست

کراچی: پاکستان میں نایاب اور جینیاتی بیماریوں کی ادویات یا تو دستیاب نہیں یا اس قدر مہنگی ہیں کہ ان بیماریوں میں مبتلا ہزاروں بچوں کے والدین علاج کرانے سے قاصر ہیں، تاہم ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے ان ادویات کی دستیابی بہتر بنانے کے لیے اقدامات شروع کردیے ہیں۔

ڈریپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عبیداللہ نے جمعے کے روز کہا کہ مقامی دوا ساز کمپنیوں سے نایاب اور جینیاتی بیماریوں کی مہنگی ادویات پاکستان میں تیار کرنے کی درخواست کی گئی ہے، جبکہ ان ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے ایک منظم نظام بھی تشکیل دیا جا رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوسائٹی فار نوول اینڈ ریئر ڈیزیزز (اسنیئر) کے زیر اہتمام کراچی میں شروع ہونے والی دو روزہ نایاب اور جینیاتی امراض کی سمٹ 2026 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر عبیداللہ کا کہنا تھا کہ نایاب بیماریوں کی تشخیص میں تاخیر، علاج کی محدود سہولیات اور ادویات کی عدم دستیابی مریضوں اور ان کے خاندانوں کو درپیش بڑے مسائل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نایاب بیماریوں کی بیشتر ادویات عالمی سطح پر بھی محدود مقدار میں دستیاب اور انتہائی مہنگی ہیں، ان بیماریوں کی تشخیص اور علاج کے لیے جدید اور غیر روایتی طریقے اختیار کرنا ہوں گے۔ ڈریپ متاثرہ بچوں کو علاج کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے اسنیئر کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔

اسنیئر کے دوسرے کانووکیشن کے مہمان خصوصی اور ممتاز ماہر امراض اطفال پروفیسر ساجد مقبول نے کہا کہ نایاب بیماریوں میں مبتلا مریضوں اور ان کے خاندانوں کو طبی مسائل کے ساتھ ساتھ شدید معاشی مشکلات اور معاشرتی دباؤ کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے فیلوشپ حاصل کرنے والے طبی ماہرین پر زور دیا کہ وہ نایاب بیماریوں کے مریضوں اور ان کے خاندانوں کی مشکلات کم کرنے کے لیے مزید محنت اور لگن سے کام کریں کیونکہ اعزازات ملنے کے ساتھ ذمہ داریاں بھی بڑھ جاتی ہیں۔

معروف ماہر امراض اطفال و غدد اور سمٹ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر جمال رضا نے کہا کہ دنیا بھر میں جن بیماریوں کو نایاب قرار دیا جاتا ہے، پاکستان میں وہ اتنی نایاب نہیں ہیں، جس کی ایک بڑی وجہ قریبی رشتہ داروں میں شادیوں کی بلند شرح ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کزن میرجز کی شرح 60 سے 70 فیصد ہے جبکہ تقریباً 70 فیصد نایاب بیماریوں کا تعلق جینیاتی عوامل سے ہے۔ نسل در نسل قریبی رشتہ داروں میں شادیوں سے موروثی بیماریوں کا خطرہ مزید بڑھ جاتا ہے۔

پروفیسر جمال رضا نے انکشاف کیا کہ کئی خاندانوں میں دو بچوں کی اموات کے بعد تیسرے بچے میں جینیاتی بیماری کی تشخیص ہوتی ہے، جس کی بڑی وجوہات ڈاکٹروں میں ان بیماریوں سے متعلق آگاہی کی کمی اور تشخیصی سہولیات کا فقدان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نایاب بیماریوں کی تشخیص کے لیے درکار بیشتر جدید ٹیسٹ پاکستان میں دستیاب نہیں اور والدین کو بھاری اخراجات برداشت کرکے نمونے بیرون ملک بھجوانا پڑتے ہیں۔

انہوں نے نایاب بیماریوں کی ادویات کی رجسٹریشن کا عمل آسان بنانے، ان کی مقامی سطح پر تیاری اور کم خرچ تشخیصی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔

پروفیسر جمال رضا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں نایاب اور جینیاتی بیماریوں کے مستند اعداد و شمار موجود نہیں، ان بیماریوں کے پھیلاؤ اور مریضوں کی تعداد جاننے کے لیے قومی سطح پر رجسٹری قائم کرنے کی ضرورت ہے۔

اسنیئر کے صدر اور پنجاب کے سابق وزیر صحت پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ موروثی بیماریوں کی روک تھام کو قومی ترجیح بنانا ہوگا اور اس مقصد کے لیے شادی سے پہلے طبی اسکریننگ اور عوامی آگاہی کا مؤثر نظام قائم کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ان کے دور وزارت میں شادی سے پہلے اسکریننگ کی تجویز کابینہ سے منظور کرائی گئی تھی لیکن بیوروکریسی کی مخالفت کے باعث اس پر عمل درآمد نہ ہوسکا۔

پروفیسر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ بیماریوں کے علاج پر لاکھوں روپے خرچ کرنے کے بجائے ان کی روک تھام پر توجہ دینا ہوگی۔ شادی سے پہلے تھیلیسیمیا کی اسکریننگ اور جینیاتی مشاورت کے ذریعے اس بیماری میں مبتلا بچوں کی پیدائش کے خطرے کو کم کیا جاسکتا ہے۔

جینیاتی بیماریوں کی تشخیص کے ماہر ڈاکٹر شاہد حسن نے کہا کہ گزشتہ تین دہائیوں کے دوران جینیاتی بیماریوں کی تشخیص کی ٹیکنالوجی میں غیر معمولی ترقی ہوئی ہے، اب جینیاتی ٹیسٹ کرنا اتنا بڑا مسئلہ نہیں جتنا ان کے نتائج اور جینیاتی ڈیٹا کی درست تشریح کرنا ہے۔

انہوں نے کم لاگت والی تشخیصی سہولیات متعارف کرانے، مختلف شعبوں کے طبی ماہرین کے درمیان تعاون بڑھانے اور مریضوں کی انفرادی جینیاتی ساخت کے مطابق علاج کرنے پر زور دیا۔

معروف ماہر امراض اطفال پروفیسر وسیم جمالوی نے کہا کہ کئی نایاب بیماریوں کا علاج موجود ہے اور بروقت تشخیص سے متاثرہ بچوں کو معمول کی زندگی گزارنے کے قابل بنایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیدائشی طور پر تھائرائیڈ ہارمون کی کمی کا شکار بچوں کی بروقت تشخیص اور علاج سے ان کی ذہنی و دماغی نشوونما متاثر ہونے سے بچائی جاسکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونیٹولوجی (ایس آئی سی ایچ این) میں مفت تشخیصی سہولیات کی فراہمی اور بچوں کے ڈاکٹروں میں نایاب بیماریوں سے متعلق آگاہی بڑھانے سے بچوں کو مستقل معذوری سے بچانے میں مدد ملے گی۔

کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر آفتاب محسن نے کہا کہ کسی بیماری کا نایاب ہونا اس میں مبتلا مریض کی زندگی، عزت اور علاج کی اہمیت کو کم نہیں کرتا۔ نوجوان محققین کو علم اور تحقیق کے ساتھ عاجزی اور ہمدردی کو بھی اپنا شعار بنانا چاہیے۔

پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن کے سابق سیکریٹری ڈاکٹر خالد شفیع نے بھی طبی تحقیق اور نوجوان ڈاکٹروں کی تربیت کی اہمیت پر زور دیا۔

ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے سابق وائس چانسلر پروفیسر سعید قریشی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے، جبکہ ممتاز ماہر امراض اطفال پروفیسر عبدالغفار بلو اور اسنیئر کی نائب صدر پروفیسر ہما ارشد چیمہ سمیت ملک بھر سے طبی ماہرین نے سمٹ میں شرکت کی۔

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

اہم خبریں