کراچی: ۔ سیکریٹری کالجز سندھ ندیم الرحمٰن میمن نے کہا ہےکہ سندھ کے سرکاری کالجز میں طلباء کے لیے کم از کم 75 فیصد حاضری لازمی قرار دے دی گئی، مقررہ حاضری پوری نہ کرنے والے طلبہ امتحانات میں شرکت کے اہل نہیں ہوں گے۔
طلبہ کی حاضری یقینی بنانے اور کالجز میں تعلیمی نظم و ضبط بہتر بنانے کے لیے محکمہ کالجز سندھ اور سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن (سپلا) کے اشتراک سے کراچی میں پہلی مشاورتی کانفرنس منعقد ہوئی، جس کی صدارت سیکریٹری کالجز ندیم الرحمٰن میمن نے کی۔ کانفرنس میں کراچی کے سرکاری کالجز کے پرنسپلز نے شرکت کی۔
اجلاس میں سرکاری کالجز میں طلبہ کی کم حاضری، اس کی وجوہات، تعلیمی مسائل اور حاضری بہتر بنانے کے لیے قابل عمل حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سیکریٹری کالجز ندیم میمن نے کہا کہ کالجز کی کارکردگی کا انحصار طلبہ کے داخلوں، حاضری اور انتظامی نظم و ضبط پر ہے، تمام پرنسپلز اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں اور طلبہ کی 75 فیصد حاضری یقینی بنائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام پرنسپلز اور متعلقہ عملے کو انتظامی امور، قیادت اور مالیاتی نظم و نسق سے متعلق خصوصی تربیت بھی فراہم کی جائے گی تاکہ کالجز کے انتظامی اور تعلیمی معاملات کو بہتر بنایا جاسکے۔
کانفرنس میں سپلا کے نمائندوں نے طلبہ کی حاضری کے نظام کو ڈیجیٹلائز کرنے کا مطالبہ کیا۔ سپلا کے صدر منور عباس نے ’’کالجز آباد کریں‘‘ کے نعرے کو عملی شکل دینے اور طلبہ کو درپیش مسائل حل کرنے پر زور دیا۔