پاکستان میں پہلی بار قومی ذیابیطس پریونشن اینڈ کنٹرول پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

پاکستان سمیت او آئی سی کے 57 ممالک میں مساجد کے ذریعے ذیابیطس سے آگاہی اور اسکریننگ کا ماڈل متعارف کرایا جائے گا، آغاز 2027ء میں پاکستان سے ہوگا؛ ملک میں ہر تیسرا شہری ذیابیطس کا شکار، حاملہ خواتین کی تین مراحل میں شوگر اسکریننگ ناگزیر ہے، ماہرین

کراچی: پاکستان میں ذیابیطس کی بڑھتی ہوئی شرح پر قابو پانے کے لیے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ قومی سطح پر ’’ڈائبٹیز پریونشن اینڈ کنٹرول پروگرام‘‘ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کا آغاز رواں ماہ اسلام آباد سے ہوگا۔ دوسری جانب مساجد کے ذریعے ذیابیطس سے آگاہی اور اسکریننگ کا کامیاب بنگلہ دیشی ماڈل پاکستان سمیت اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے 57 رکن ممالک میں متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے، جس کا آغاز 2027ء کے اوائل میں پاکستان سے ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار ڈائیابٹیز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ڈی اے پی) کے زیر اہتمام عالمی یومِ ذیابیطس کے موقع پر کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ ایک روزہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ماہرینِ امراضِ ذیابیطس نے کیا۔ ’’ذیابیطس پر بروقت اقدام‘‘ (Early Action on Diabetes) کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس میں ملک و بیرونِ ملک سے تعلق رکھنے والے نامور ماہرین اور معالجین نے شرکت کی۔

ڈائیابٹیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سیکریٹری جنرل پروفیسر ڈاکٹر عبدالباسط نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت اور وزارتِ صحت کے اشتراک سے ملک میں پہلی مرتبہ ذیابیطس کی روک تھام اور کنٹرول کے لیے باقاعدہ قومی پروگرام ترتیب دیا گیا ہے، جس کا آغاز رواں ماہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام تین سے پانچ سال کے مختلف مراحل پر مشتمل ہوگا، جس کا بنیادی مقصد عوام میں آگاہی پیدا کرنا اور شہریوں کو ’’ریپڈ اسکور‘‘ (RAPID Score) کے ذریعے اپنی ذیابیطس کے خطرے کی ابتدائی اسکریننگ کے قابل بنانا ہے۔ پروگرام کے اگلے مراحل میں ملک بھر میں ذیابیطس سے بچاؤ، تشخیص اور علاج معالجے کی سہولیات بھی قائم کی جائیں گی۔ ان کے مطابق پروگرام کے اجرا کے لیے قائم کمیٹی کے اراکین کی تفصیلات آئندہ ایک سے دو ہفتوں میں سامنے آ جائیں گی۔

پروفیسر عبدالباسط نے بتایا کہ بنگلہ دیش میں مساجد کے ذریعے ذیابیطس سے آگاہی اور اسکریننگ کا کامیاب تجربہ اب پاکستان سمیت او آئی سی کے 57 رکن ممالک تک پھیلایا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کی قیادت معروف ماہرِ امراضِ ذیابیطس پروفیسر اے کے آزاد خان کر رہے ہیں، جبکہ پاکستان میں اس کا آغاز 2027ء کے اوائل میں کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ بنگلہ دیش میں ابتدائی طور پر 100 مساجد کے ائمہ کرام اور ان کے خاندان کی خواتین کو ذیابیطس سے متعلق آگاہی دی گئی۔ وزارتِ مذہبی امور، جامعہ الازہر اور امامِ مکہ کی منظوری سے تیار کردہ خصوصی خطبات کے ذریعے ہر جمعے ایک سے دو منٹ کا آگاہی پیغام دیا گیا، جبکہ مساجد کے باہر مردوں اور ملحقہ مخصوص کمروں میں خواتین کی اسکریننگ کا انتظام کیا گیا۔

ان کے مطابق اس ماڈل پر کی گئی تحقیق میں ایک سال کے دوران متعلقہ علاقوں میں ذیابیطس کے نئے کیسز میں 42 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد یہ مہم تقریباً تین لاکھ مساجد تک پھیلا دی گئی، جہاں ہر جمعے دو سے چار کروڑ افراد تک ذیابیطس سے بچاؤ کا پیغام پہنچ رہا ہے۔

پروفیسر عبدالباسط کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل ڈائبیٹیز فیڈریشن (IDF) نے بھی اس ماڈل کو سراہا ہے، جبکہ او آئی سی کے ذیلی ادارے کومسٹیک (COMSTECH) نے انہیں اپنا نمائندہ مقرر کرتے ہوئے 57 اسلامی ممالک میں اس پروگرام کو وسعت دینے کی ذمہ داری سونپی ہے۔ پاکستان میں منصوبے کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو گرانٹ کی درخواست بھی دے دی گئی ہے، جس کا فیصلہ دو سے چار ماہ میں متوقع ہے، تاہم گرانٹ نہ ملنے کی صورت میں بھی ذاتی وسائل سے 2027ء کے اوائل میں اس منصوبے کا آغاز کر دیا جائے گا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائیابٹیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کی نائب صدر پروفیسر شبین ناز مسعود نے کہا کہ پاکستان میں ہر تیسرا شہری ذیابیطس کا شکار ہے، جبکہ خواتین میں حمل سے قبل اور دورانِ حمل بلڈ شوگر کی بروقت تشخیص اور کنٹرول نہ ہونے کے باعث ماں اور بچے دونوں کی صحت متاثر ہونے کے ساتھ آئندہ نسلوں میں بھی ذیابیطس کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ذیابیطس سے بچاؤ کے اقدامات اس وقت شروع ہونے چاہئیں جب کوئی خاتون ماں بننے کا ارادہ کرے، نہ کہ دل کے دورے، گردوں کے امراض یا ہائی بلڈ پریشر جیسی پیچیدگیاں سامنے آنے کے بعد۔ حمل کے دوران ذیابیطس کی کوئی واضح علامت ظاہر نہیں ہوتی، اس لیے حاملہ خواتین کی تین مراحل میں شوگر اسکریننگ ناگزیر ہے۔

ان کے مطابق پہلا ٹیسٹ حمل سے قبل یا حمل کی تصدیق ہوتے ہی ابتدائی مہینوں میں، دوسرا ٹیسٹ حمل کے 22 سے 24 ہفتوں کے دوران، جبکہ پاکستانی اور ایشیائی خواتین میں ذیابیطس کے زیادہ خطرے کے باعث تیسرا ٹیسٹ 34 سے 36 ہفتوں کے دوران بھی کروایا جانا چاہیے، خواہ ابتدائی دونوں ٹیسٹ منفی ہی کیوں نہ آئے ہوں۔

پروفیسر شبین ناز مسعود نے خبردار کیا کہ حمل کے دوران ہونے والی ذیابیطس کو معمولی سمجھ کر نظرانداز کرنا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے، کیونکہ بروقت تشخیص اور علاج نہ ہونے کی صورت میں ایسی خواتین میں تین سے چار سال کے اندر مستقل ٹائپ ٹو ذیابیطس پیدا ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

ڈائیابٹیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے نائب صدر (اکیڈمکس) پروفیسر ایم زمان شیخ نے کہا کہ پاکستان 33 فیصد شرحِ پھیلاؤ کے ساتھ دنیا میں ذیابیطس سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہوچکا ہے۔ ذیابیطس ایک خاموش قاتل ہے جو ابتدائی آٹھ سے دس سال تک بغیر کسی نمایاں علامت کے جسم کو متاثر کرتی رہتی ہے، حتیٰ کہ شوگر لیول 300 تک پہنچنے کے باوجود بعض مریض اپنی بیماری کو سنجیدہ نہیں لیتے۔

انہوں نے کہا کہ غیر صحت مند طرزِ زندگی، فاسٹ فوڈ، میٹھے مشروبات، موٹاپے اور ذہنی تناؤ نے ذیابیطس کے خطرات میں اضافہ کیا ہے۔ ایک برگر میں کم از کم 500 کیلوریز ہوتی ہیں، جبکہ ایک کولڈ ڈرنک میں تقریباً چھ کپ چائے کے برابر چینی شامل ہوتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ذیابیطس کی تشخیص کے پہلے دن سے ہی ادویات کے ساتھ ورزش، جسمانی سرگرمی اور ویٹ ٹریننگ کو معمول بنایا جائے۔

انٹرنیشنل ڈائبیٹیز فیڈریشن کی نائب صدر ارم غفور نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کنٹینیوس گلوکوز مانیٹرنگ (CGM) ذیابیطس کے مؤثر کنٹرول اور پری ڈائیبیٹیز کے شکار افراد کو مستقل ذیابیطس سے بچانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ یہ تاثر درست نہیں کہ سی جی ایم ڈیوائسز صرف امیر طبقے کی پہنچ میں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سی جی ایم ڈیوائس بغیر بار بار سوئی چبھونے کے ہر تین سے پانچ منٹ بعد خون میں شوگر کی سطح سے متعلق ریڈنگ فراہم کرتی ہے، جس سے مریض اور معالج دونوں کو علاج اور روزمرہ معمولات سے متعلق بہتر فیصلے کرنے میں مدد ملتی ہے۔ پاکستان میں یہ ڈیوائسز تقریباً 8 ہزار روپے سے شروع ہوکر 17 سے 18 ہزار روپے اور ڈیڑھ سے دو لاکھ روپے تک کی مختلف قیمتوں میں دستیاب ہیں۔ ان کے مطابق زیادہ وزن اور ذیابیطس کی خاندانی تاریخ رکھنے والے افراد کے لیے اس ٹیکنالوجی کا استعمال خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔

کانفرنس کے افتتاحی، اختتامی اور مختلف سائنسی سیشنز میں ملک بھر سے نامور ماہرینِ طب اور اساتذہ نے بھی شرکت کی، جن میں پروفیسر نورجہاں صمد، پروفیسر اشعر فواد، پروفیسر یعقوب احمدانی، پروفیسر اقبال آفریدی، پروفیسر احمد بلال، پروفیسر نصرت شاہ، پروفیسر ڈاکٹر شبنم شمیم عاصم، پروفیسر سونیا نقوی، پروفیسر رومینہ اقبال، پروفیسر کریم قمرالدین، پروفیسر سیما این ممتاز، پروفیسر محمد عدنان کانپور والا، پروفیسر ذیشان احمد جونیجو، پروفیسر خیرالنساء نظام، ڈاکٹر ریاست علی خان، ڈاکٹر عاصمہ خان، ڈاکٹر فرید الدین، ڈاکٹر اسماء احمد، ڈاکٹر فرح ناز فاروق، ڈاکٹر ذاکر علوی، ڈاکٹر ندیم نعیم، ڈاکٹر علی اصغر، ڈاکٹر صائمہ زبیر، ڈاکٹر شاہین ظفر، ڈاکٹر فائزہ رؤف، ڈاکٹر سمیرا جبین، ڈاکٹر شبنم نوید، ڈاکٹر عاقبہ سرفراز، ڈاکٹر صنوبر جمال، ڈاکٹر عائشہ شیخ، ڈاکٹر قمر مسعود، ڈاکٹر سید عدیل ظفر، ڈاکٹر خالد عبدالباسط اور ڈاکٹر شہلا نسیم شامل تھے۔

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

اہم خبریں