کراچی: تھرپارکر کے علاقے نگرپارکر میں رورل ہیلتھ سینٹر (آر ایچ سی) ڈانو ڈنڈل میں ایمبولینس پر نصب آکسیجن سلنڈر پھٹنے کے حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 10 ہوگئی، سول اسپتال کراچی کے برنس سینٹر میں زیر علاج ایک اور نومولود بچی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق جاں بحق ہونے والی بچی صرف ایک دن کی تھی اور حادثے میں 50 فیصد جھلس گئی تھی۔ تشویشناک حالت میں بچی کو سول اسپتال کراچی کے برنس سینٹر منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گئی۔ بچی کی میت تھرپارکر روانہ کردی گئی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق افسوسناک واقعے میں تین طبی عملے کے ارکان سمیت 8 افراد جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوئے تھے۔ واقعہ آر ایچ سی ڈانو ڈنڈل کے احاطے میں کھڑی پی پی ایچ اے کی ایمبولینس پر نصب آکسیجن سلنڈر پھٹنے سے پیش آیا تھا۔ بعد ازاں زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں ایک اور بچی دم توڑ گئی۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ سندھ نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے ہر فرد کے لواحقین کے لیے 20 لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا ہے، جبکہ واقعے کی تحقیقات کے لیے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز سندھ کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق ڈسٹرکٹ سپورٹ منیجر پی پی ایچ اے کو مزید کارروائی تک معطل کردیا گیا ہے۔ انکوائری کمیٹی واقعے کی وجوہات، ممکنہ غفلت اور انتظامی کوتاہیوں کا تعین کرے گی اور ذمہ داروں کی نشاندہی کرے گی۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور کسی بھی قسم کی غفلت ثابت ہونے پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
محکمہ صحت کے مطابق زخمیوں کا علاج سرکاری خرچ پر کیا جا رہا ہے، جبکہ متاثرہ خاندانوں کی معاونت بھی یقینی بنائی جائے گی۔