تھرپارکر: ضلع تھرپارکر کے تعلقہ نگرپارکر کے علاقے ڈانو دھاندل میں واقع بنیادی مرکزِ صحت (بی ایچ یو) کے احاطے میں کھڑی پی پی ایچ آئی کی ایمبولینس میں سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 5 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں اور فائر بریگیڈ کا عملہ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال مٹھی منتقل کر دیا گیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر نگرپارکر ارم ناریجو کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے، جبکہ انتظامیہ، محکمہ صحت کی ایمرجنسی ٹیمیں اور ٹاؤن حکام جائے وقوعہ پر امدادی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں اور صورتحال پر قابو پانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
تاحال دھماکے کی وجوہات اور واقعے کی مکمل تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔ حکام کی جانب سے مزید معلومات ملنے پر خبر کو اپڈیٹ کیا جائے گا۔