کراچی: جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) میں ڈاکٹروں پر تشدد کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (وائے ڈی اے) کے احتجاج کے بعد اسپتال انتظامیہ کی جانب سے مبینہ طور پر تشدد میں ملوث عناصر کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے، جبکہ ینگ ڈاکٹرز نے نامزد ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
واقعہ جناح اسپتال کے شعبہ ایمرجنسی کے باہر ایمبولینس کھڑی کرنے کے معاملے پر ڈاکٹروں اور ایمبولینس ڈرائیورز کے درمیان جھگڑے کے دوران پیش آیا تھا، جس میں دو ڈاکٹر زخمی ہوگئے تھے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی تھی، جس میں ایک ڈاکٹر پر حملہ اور دوسرے ڈاکٹر کو تشدد کا نشانہ بناتے دیکھا جاسکتا ہے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق واقعے میں ایک ڈاکٹر کے بازو میں فریکچر ہوا، جبکہ دوسرے ڈاکٹر کی آنکھ متاثر ہوئی۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے دعویٰ کیا تھا کہ ایک ڈاکٹر کی بینائی شدید متاثر ہوئی ہے۔
درج مقدمے میں ہنگامہ آرائی، غیر قانونی اجتماع، اعانتِ جرم، جسمانی چوٹیں پہنچانے اور سنگین دھمکیاں دینے سے متعلق دفعات شامل کی گئی ہیں۔ ایف آئی آر میں دفعات 147، 148، 149، 337-A، 337-F اور 506-B درج ہیں۔
واقعے کے خلاف ینگ ڈاکٹرز نے جناح اسپتال کے سرجیکل کمپلیکس کے باہر احتجاج کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا تھا۔ ایسوسی ایشن نے اسپتال کے سیکیورٹی انتظامات پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ ڈاکٹروں کو تحفظ فراہم کیا جائے اور واقعے میں ملوث تمام افراد کو گرفتار کیا جائے۔
ینگ ڈاکٹرز نے خبردار کیا تھا کہ مقررہ وقت میں ملزمان گرفتار نہ ہونے کی صورت میں او پی ڈیز اور انڈور وارڈز کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد اب وائے ڈی اے نے تشدد میں ملوث ایمبولینس ڈرائیورز کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔