ولیکا اسپتال میں ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں کے معاملے پر صوبائی محتسب کی ٹیم کا دورہ، 25 بستروں پر مشتمل اسپیشل وارڈ جلد مکمل کرنے کی ہدایت

کراچی: صوبائی محتسب اعلیٰ سندھ نے ولیکا اسپتال میں ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں کے علاج، سہولیات اور انتظامی امور سے متعلق شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ اسی سلسلے میں صوبائی محتسب کی ٹیم نے کلثوم بائی ولیکا اسپتال کا دورہ کیا، جہاں متاثرہ بچوں کے علاج اور اسپتال میں دستیاب سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

دورے کے دوران صوبائی محتسب کے ایڈوائزر ہانی جمال اور رجسٹرار عبدالشکور نے اسپتال میں زیر علاج بچوں اور ان کے والدین سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور اسپتال انتظامیہ سے جاری اقدامات پر بریفنگ حاصل کی۔ وفد نے ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں کے لیے قائم کیے جانے والے خصوصی وارڈ (اسپیشل وارڈ) کی پیشرفت کا بھی معائنہ کیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرکے فعال بنایا جائے تاکہ متاثرہ بچوں کو بہتر، محفوظ اور باوقار ماحول میں علاج کی سہولت میسر آسکے۔

اسپتال انتظامیہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 25 بستروں پر مشتمل خصوصی وارڈ پر کام آخری مراحل میں ہے اور اسے جلد فعال کر دیا جائے گا، جہاں ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں کو علاج، ادویات اور دیگر ضروری طبی سہولیات ایک ہی جگہ فراہم کی جائیں گی۔

دوسری جانب صوبائی محتسب سندھ نے سیکرٹری لیبر اور کمشنر سندھ ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن (SESSI) سے اس معاملے پر عبوری پیشرفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ رپورٹ کل دوپہر 12 بجے تک ان کے دفتر میں جمع کرائی جائے۔ ہدایت نامے میں اس معاملے کو "Most Urgent” قرار دیتے ہوئے فوری کارروائی پر زور دیا گیا ہے۔

صوبائی محتسب نے محکمہ صحت اور سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول (CDC) کے تعاون سے ایچ آئی وی سے متاثرہ مریضوں کا ریکارڈ اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔ اس کے علاوہ سیسی میں جاری اسپیشل آڈٹ کی پیشرفت اور اس کی تکمیل کی متوقع تاریخ سے آگاہ کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔

ہدایت نامے کے مطابق انکوائری میں ذمہ دار قرار پانے والے افسران کے خلاف کی جانے والی انضباطی کارروائی کی رپورٹ بھی پیش کی جائے، جبکہ میڈیکل ایڈوائزر اور دیگر انتظامی عہدوں کے لیے واضح معیارِ اہلیت (Job Descriptions) مرتب کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے تاکہ آئندہ ایسے معاملات میں انتظامی شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

صوبائی محتسب نے کے وی ایس ایس (KVSS) اسپتال میں متعدی بیماریوں اور آئسولیشن وارڈ کے قیام، ادویات کی مسلسل دستیابی اور انفیکشن کنٹرول کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی بھی ہدایت جاری کی۔ اس کے ساتھ ساتھ ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں اور ان کے اہل خانہ کی نفسیاتی معاونت کے لیے ڈاکٹر فاطمہ میر یا کسی دوسرے مستند ماہر نفسیات کی خدمات حاصل کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔

ہدایت نامے میں اسپتال کے بائیو میڈیکل ویسٹ مینجمنٹ کو بین الاقوامی اور قومی قواعد و ضوابط کے مطابق یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے تاکہ انفیکشن کے پھیلاؤ کے خطرات کو کم کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی ولیکا اسپتال میں ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں کے والدین نے علاج، ادویات اور انڈومنٹ فنڈز کے اجراء میں تاخیر کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ والدین کا کہنا تھا کہ حکومتی اعلانات کے باوجود انہیں مطلوبہ سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں، جبکہ ان کا مطالبہ ہے کہ بچوں کی کفالت، علاج اور ادویات کی فراہمی کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے۔

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

اہم خبریں