کراچی: سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے ضلع کیماڑی کی انتظامیہ کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بلدیہ ٹاؤن میں کلثوم بائی ولیکا اسپتال کے اطراف قائم غیر قانونی کلینکس اور اسپتالوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا، جس کے دوران 5 غیر قانونی ہیلتھ کیئر مراکز سیل کر دیے گئے۔
کارروائی میں ڈپٹی کمشنر کیماڑی، اسسٹنٹ کمشنر بلدیہ اور دیگر متعلقہ حکام نے حصہ لیا۔ سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے مطابق سیل کیے گئے مراکز عطائیوں کے زیر انتظام چل رہے تھے اور وہاں طبی خدمات غیر قانونی طور پر فراہم کی جا رہی تھیں۔
معائنے کے دوران متعدد کلینکس میں انفیکشن سے بچاؤ کے انتہائی ناقص انتظامات پائے گئے، جس پر انہیں فوری بہتری کے لیے وارننگ جاری کی گئی۔ اس کے علاوہ طبی فضلہ محفوظ طریقے سے تلف نہ کرنے والے کلینکس کو بھی آخری وارننگ دیتے ہوئے ہدایت کی گئی کہ وہ مقررہ قواعد و ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
کارروائی کے دوران ایک اتائی (جعلی ڈاکٹر) کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا، جسے پولیس اسٹیشن بلدیہ کے حوالے کر دیا گیا، جبکہ اس کا غیر قانونی کلینک بھی سیل کر دیا گیا۔
سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کا کہنا ہے کہ عوام کو محفوظ اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے غیر قانونی طبی مراکز اور عطائیوں کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی بلا امتیاز جاری رہیں گی۔