اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے 7 سے 12 جون کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بعض علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا ہے جبکہ سندھ کے بعض اضلاع میں پارہ 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
پاکستان محکمہ موسمیات کے مطابق 8 جون کو بالائی فضاؤں میں ہوا کا زیادہ دباؤ بننے اور 11 جون تک برقرار رہنے کا امکان ہے جس کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں ہیٹ ویو جیسی صورتحال پیدا ہوگی۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ پشاور، مردان، بنوں، کرک، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 8 سے 11 جون کے دوران درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ رہنے اور 41 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ چترال، دیر، سوات اور گلگت بلتستان میں 8 سے 10 جون کے دوران درجہ حرارت 37 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ رہ سکتا ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، میرپور، بھمبر، کوٹلی، باغ اور مظفرآباد میں 8 سے 10 جون کے دوران درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری زیادہ رہنے اور 41 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اسی طرح لاہور، اوکاڑہ، قصور، فیصل آباد، سرگودھا، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، پاکپتن، رحیم یار خان، راجن پور، بہاولپور، بہاول نگر، بھکر، لیہ اور کوٹ ادو میں 8 سے 11 جون کے دوران درجہ حرارت 44 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شدید ترین گرمی سندھ اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں پڑنے کا امکان ہے۔ سکھر، شکارپور، قمبر شہدادکوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ، موہنجو داڑو، دادو، شہید بینظیر آباد، گھوٹکی، خیرپور، نوشہروفیروز، سبی، تربت اور پنجگور میں 7 سے 12 جون کے دوران درجہ حرارت 48 سے 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
کراچی میں بھی 8 سے 12 جون کے دوران شدید گرم موسم متوقع ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اس دوران رات کے درجہ حرارت میں بھی اضافہ ہوگا جبکہ شدید گرمی کے باعث جنوبی پنجاب اور سندھ کے بعض علاقوں میں گرد آلود ہوائیں اور آندھی چلنے کا امکان ہے۔
عوام خصوصاً بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو احتیاط برتنے، صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے اور زیادہ سے زیادہ پانی پینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کسانوں کو بھی فصلوں اور مویشیوں کی دیکھ بھال کے لیے موسمی صورتحال کو مدنظر رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے جبکہ متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے-