کراچی میں ریبیز سے ایک اور شہری جاں بحق، اموات 9 ہوگئیں

کراچی میں کتے کے کاٹنے کے واقعات میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جبکہ ریبیز سے ایک اور شہری جان کی بازی ہار گیا۔
حکام کے مطابق 65 سالہ شخص کو ریبیز کی علامات کے ساتھ جناح اسپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم وہ دورانِ علاج دم توڑ گیا۔ متوفی کا تعلق کراچی کے علاقے ہارون آباد سے تھا۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص کو کتے کے کاٹنے کے تقریباً ایک ماہ بعد ریبیز کی علامات ظاہر ہوئیں، جو اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ بروقت اور مکمل علاج نہ ہونے کے باعث مرض شدت اختیار کر گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق رواں سال اب تک ریبیز سے جاں بحق افراد کی تعداد 9 ہو چکی ہے، جن میں سے 6 کیسز انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک جبکہ تین کیسز جناح اسپتال میں رپورٹ ہوئے۔
دوسری جانب شہر میں سگ گزیدگی کے واقعات میں بھی تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے، اور رواں سال اب تک 15 ہزار سے زائد افراد کتے کے کاٹنے کا شکار ہو چکے ہیں۔
ماہرین صحت نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ کتے کے کاٹنے کی صورت میں فوری طور پر ویکسین اور ضروری علاج حاصل کریں، کیونکہ ذرا سی غفلت جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

اہم خبریں