منکی پاکس کا ایک اور کیس سامنے آگیا، متاثرہ خاندان میں وائرس کی منتقلی

کراچی میں منکی پاکس کے کیسز میں مزید اضافہ ہوگیا ہے، جہاں ایک اور کیس رپورٹ ہونے کے ساتھ ایک ہی خاندان میں وائرس کی منتقلی سامنے آئی ہے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق ملیر کا رہائشی 42 سالہ شخص، جو منکی پاکس کا شکار تھا، انفیکشس ڈیزیز اسپتال سے صحت یاب ہو کر گھر منتقل ہوگیا ہے۔ تاہم اس کے صحت یاب ہونے کے بعد اس کی اہلیہ میں بیماری کی علامات ظاہر ہوئیں۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ علامات ظاہر ہونے پر خاتون کا ٹیسٹ کرایا گیا، جس کا نتیجہ مثبت آیا۔ متاثرہ 41 سالہ خاتون کو فوری طور پر اسپتال میں داخل کر کے علاج شروع کر دیا گیا ہے، جہاں اسے تمام طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
اسپتال حکام کے مطابق متاثرہ خاندان کے بچوں میں تاحال منکی پاکس کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئی ہیں، تاہم احتیاطی طور پر ان کی نگرانی جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ شوہر کو صحت یاب ہونے کے بعد گھر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ اہلیہ کا علاج اسپتال میں جاری ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وائرس قریبی رابطے کے ذریعے منتقل ہوا۔
محکمہ صحت کے مطابق رواں سال کے دوران کراچی میں منکی پاکس سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 ہوگئی ہے، جبکہ سندھ بھر میں اب تک 26 کنفرم کیسز اور 9 اموات رپورٹ ہوچکی ہیں۔
صوبائی محکمہ صحت نے صورتحال کے پیش نظر تمام اسپتالوں کو الرٹ رہنے اور احتیاطی اقدامات سخت کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے، جبکہ شہریوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر طبی معائنہ کروائیں۔

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

اہم خبریں