کراچی میں انسدادِ پولیو کی خصوصی مہم کا آغاز، 25 لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف

​کراچی: شہر قائد میں بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لیے انسدادِ پولیو کی خصوصی مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔ کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے قومی ادارہ براہ امراض صحت اطفال میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلا کر اس مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
​حکومتِ پاکستان کی قیادت میں سندھ ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (EOC) کے تحت چلائی جانے والی اس مہم کا مقصد کراچی کے ہر پانچ سال سے کم عمر بچے کو پولیو وائرس سے تحفظ فراہم کرنا اور شہر سے اس موذی مرض کے خاتمے کو یقینی بنانا ہے۔

​مہم کے دوران کراچی کے پانچ سال سے کم عمر تقریباً 25 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
​یہ مہم کراچی کی تمام 201 یونین کونسلز میں چلائی جائے گی۔ مہم کے دوران ​26 ہزار سے زائد تربیت یافتہ ہیلتھ ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو ویکسین کے دو قطرے پلائیں گے۔
​پولیو ٹیموں کی حفاظت اور مہم کو پرامن بنانے کے لیے سات ہزار 853 پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

​مہم کے دوران کراچی کے مختلف اضلاع میں بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف کچھ یوں مقرر کیا گیا ہے جس میں ​ضلع شرقی میں چار لاکھ اکسٹھ ہزار 97، ​ضلع ملیر میں چار لاکھ چوبیس ہزار 582، ​ضلع غربی میں چار لاکھ آٹھ ہزار 545،​ ضلع وسطی میں تین لاکھ اڑسٹھ ہزار671، ​ضلع کورنگی میں میں تین لاکھ باسٹھ ہزار 304، ​ضلع کیماڑی میں دو لاکھ پچاسی ہزار 94، ​ضلع جنوبی میں دو لاکھ اکتیس ہزار888 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلائیں جائیں گے۔

​اس خصوصی مہم کے دوران انکار کے رجحان کو کم کرنے کے لیے کمیونٹی سے مؤثر رابطے اور آگاہی پر توجہ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ زیادہ خطرے والے علاقوں میں نگرانی سخت کی جائے گی۔ طبی ماہرین کے مطابق وائرس کی منتقلی کو روکنے کے لیے پولیو کے قطروں کے ساتھ ساتھ بچوں کے معمول کے حفاظتی ٹیکوں کا کورس مکمل ہونا بھی نہایت ضروری ہے۔
​انتظامیہ کی جانب سے والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں کے محفوظ مستقبل کے لیے پولیو ورکرز سے تعاون کریں۔ کسی بھی معلومات یا رہنمائی کے لیے صحت تحفظ ہیلپ لائن 1166 یا واٹس ایپ نمبر 0346-7776546 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلانے پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ والدین پولیو ٹیموں سے تعاون کریں۔

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

اہم خبریں