سول اسپتال کراچی میں آکسیجن سپلائی سسٹم کی اپ گریڈیشن کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی جس میں پیپلز پارٹی کے رہنماء سینیٹر وقار مہدی، جاوید ناگوری اور اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خالد بخاری شریک ہوئے۔
سینیٹر وقار مہدی نے فیتہ کاٹ کر منصوبے کا افتتاح کیا، جس کے تحت اسپتال کی تمام پانچ عمارتوں کے چالیس وارڈز کو کمپیوٹرائزڈ آکسیجن سپلائی فراہم کی جائے گی۔
افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ یہ سول اسپتال کی تاریخ کا اہم قدم ہے۔ آکسیجن کی کمی کے باعث اسپتال کو شدید مشکلات کا سامنا تھا، جسے اب جدید نظام کے تحت حل کرلیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے بعد پورے نظام کو ایک ہی کنٹرول روم سے مانیٹر کیا جا سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ سندھ کا واحد اسپتال ہے جہاں اس سطح کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ سول اسپتال کی ٹیم انسانیت کی خدمت کر رہی ہے اور پورے سندھ و بلوچستان سے آنے والے مریضوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ پورے پاکستان میں NICVD اور گمبٹ انسٹیٹیوٹ جیسے اسپتال موجود نہیں ہیں۔ جو لوگ سوال کرتے ہیں کہ سندھ حکومت نے کیا کیا، انہیں میں سترہ نہیں بلکہ سترہ سو منصوبے دکھا سکتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے ہمیشہ مظلوم طبقات، کسانوں اور غریبوں کے حقوق کی بات کی ہے۔
ہم چولہا جلانے پر یقین رکھتے ہیں، بجھانے پر نہیں۔ ہم نے عوام کی تکالیف کم کرنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا ہے۔
وفاقی سیاست پر گفتگو کرتے ہوئے وقار مہدی نے کہا کہ “کے پی کے نامزد وزیرِ اعلیٰ متنازع رہے ہیں اور انہوں نے ریاست مخالف بیانیہ اپنایا۔ گنڈاپور کا استعفیٰ تاحال گورنر ہاؤس موصول نہیں ہوا، استعفیٰ ایک باقاعدہ طریقہ کار کے تحت ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے کبھی پنجاب کے عوام کے خلاف بات نہیں کی۔ پیپلز پارٹی چاروں صوبوں کی زنجیر ہے، پنجاب ہمارا بڑا بھائی ہے۔ 2022 میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 2.8 بلین روپے سے عوام کی مدد کی گئی۔ ہم انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر خالد بخاری، ایم ایس سول اسپتال کراچی نے بتایا کہ آکسیجن سپلائی اپ گریڈیشن پر چار سے پانچ کروڑ روپے کے اخراجات آئے ہیں۔ یہ منصوبہ سندھ حکومت اور محکمہ صحت کے تعاون سے مکمل کیا گیا ہے۔ مستقبل میں اسپتال میں نیا ٹاور اور ایمرجنسی بلاک تعمیر کیا جائے گا۔ وزیر صحت سندھ کا سول اسپتال پر خصوصی فوکس ہے تاکہ شہریوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
