پروفیسر جہاں آرا حسن کو ڈوگانا کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ

کراچی: ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (ڈی یو ایچ ایس) کی قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر جہاں آرا حسن کو ڈاؤ گریجویٹس ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکہ (ڈوگانا) کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

یہ اعزاز امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں منعقدہ سمر اجلاس کے دوران پیش کیا گیا، جہاں ان کی تعلیمی، تحقیقی اور انتظامی خدمات کو سراہا گیا۔

پروفیسر جہاں آرا حسن 1989 کی گریجویٹ ہیں اور ڈاؤ یونیورسٹی کی پہلی پی ایچ ڈی ڈاکٹر ہونے کا اعزاز بھی رکھتی ہیں۔ انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران تدریس، تحقیق اور مینجمنٹ کے میدان میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ لمحہ ان کے لیے ایک جذباتی اور اعزازی موقع ہے، اور انہوں نے یہ ایوارڈ اپنے اساتذہ، ساتھیوں، طلبہ اور مریضوں کے نام منسوب کیا۔

پروفیسر جہاں آرا نے 2012 میں پی ایچ ڈی مکمل کی اور وہ گائناکالوجی میں ایچ ای سی کی منظور شدہ پہلی پی ایچ ڈی سپروائزر بنیں۔ ان کے پچاس سے زائد تحقیقی مقالے بین الاقوامی جرائد میں شائع ہو چکے ہیں۔

کووڈ-19 کے دوران انہوں نے بطور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور آئی سی یو ڈائریکٹر فعال قیادت کی۔ ان کی رہنمائی میں ڈاؤ اسپتال نے سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن سے کامیابی سے منظوری حاصل کی۔

ان کے دور میں ڈاؤ یونیورسٹی کو چھ نئے سیکنڈ فیلوشپ پروگرامز کی منظوری ملی جبکہ پینتیس سے زائد فرسٹ فیلوشپ پروگرامز بھی کامیابی سے جاری ہیں۔

بطور پرو وائس چانسلر اور اوجھا کیمپس کی ڈائریکٹر، انہوں نے نظم و ضبط، شفافیت اور ادارہ جاتی بہتری کو فروغ دیا۔

پروفیسر جہاں آرا حسن نے اعزاز کو اپنی فیملی، اساتذہ، ادارے اور تمام معاونین کے نام منسوب کیا، جن کی محنت اور حمایت نے انہیں کامیابیوں تک پہنچایا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے