سندھ ہیلتھ کمیشن کے اہلکار بن کر جعلی ڈاکٹروں سے بھتہ وصولی کا انکشاف

کراچی : سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن (SHCC) نے ایک چھ رکنی گروہ کو بے نقاب کیا ہے جو خود کو سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے اہلکار ظاہر کر کے سندھ بھر میں غیر لائسنس یافتہ میڈیکل پریکٹیشنرز (اتائیوں) سے ماہانہ بھاری رقوم بٹور رہا تھا۔سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر احسن قوی کے مطابق یہ گروہ کئی اضلاع میں سرگرم تھا اور جعلی انسپیکشن کے نام پر اتائی ڈاکٹروں سے پیسے وصول کر رہا تھا۔”ان میں سے تین افراد خود بھی اتائی ہیں، ایک ملزم سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کا سابق ملازم ہے جسے گزشتہ سال برطرف کیا گیا تھا جبکہ ایک اور فرد ضلعی ہیلتھ آفس میں خدمات انجام دے رہا ہے،انہوں نے مزید بتایا کہ اس گروہ کی سرگرمیاں نہ صرف غیر قانونی ہیں بلکہ سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچا رہی ہیں۔ یہ لوگ کمیشن کے نام پر خوف پھیلا کر کروڑوں روپے بٹور رہے ہیں، ہم اس سنگین معاملے پر سخت کارروائی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے جعلی اہلکاروں کی تصاویر پانچ بڑے اخبارات میں شائع کروائی ہیں تاکہ عوام اور طبی حلقے محتاط رہیں۔ کمیشن کے پاس اس ریکٹ کے مکمل شواہد موجود ہیں جن میں ویڈیوز، ادائیگیوں کا ریکارڈ، اور گواہان کے بیانات شامل ہیں۔سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے ترجمان مصطفیٰ جتوئی نے تصدیق کی کہ یہ گروہ مختلف اضلاع میں منظم انداز میں اتائیوں کو نشانہ بنا رہا تھا۔ ہمارے پاس ان کی بھتہ خوری اور مقامات کی مکمل تفصیلات موجود ہیں۔ یہ افراد نہ تو ہمارے ملازم ہیں اور نہ ہی ان کا سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن سے کوئی تعلق ہے۔ مصطفیٰ جتوئی نے مزید انکشاف کیا کہ اس گروہ کے تعلقات بعض سرکاری محکموں کے بااثر افراد سے بھی ہیں، جو ممکنہ طور پر انہیں بچاتے رہے ہیں۔ سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے اندرونی احتساب کا عمل تیز کر دیا ہے اور متعلقہ حکام سے قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ڈاکٹر احسن قوی نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کا نام لے کر آنے والے کسی بھی فرد کی شناخت کی تصدیق کریں، ہمارے مستند ملازمین کے پاس بارکوڈ والے شناختی کارڈز ہوتے ہیں، جنہیں اسکین کر کے ان کی اصل شناخت کی تصدیق کی جا سکتی ہے۔انہوں نے صحت کے شعبے سے وابستہ افراد، شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا جعلسازی کی فوری اطلاع دیں۔ کمیشن نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ سندھ کے نظامِ صحت سے عطائیت اور بدعنوانی کا خاتمہ کر کے دم لے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے