سندھ میں کانگو کا پہلا کیس رپورٹ، 17 سالہ نوجوان متاثر

کراچی: سندھ میں کانگو وائرس کا پہلا کیس کنفرم ہوگیا، ٹنڈو محمد خان سے تعلق رکھنے والے 17 سالہ نوجوان کے ٹیسٹ مثبت آگئے ہیں۔
اسپتال ذرائع کے مطابق محمد آصف کو شدید بخار اور جسم سے خون بہنے کی علامات کے ساتھ کراچی منتقل کیا گیا تھا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد اسے سندھ انفیکشیس ڈیزیز اسپتال منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں مریض کے نمونے آغاخان اسپتال کی لیبارٹری بھیجے گئے جہاں وائرس کی تصدیق ہوئی۔
حکام کے مطابق متاثرہ نوجوان مویشیوں کی دیکھ بھال کا کام کرتا تھا، جس کے باعث وائرس منتقل ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ کانگو وائرس عموماً مویشیوں میں پائے جانے والے چیچڑ (ticks) کے ذریعے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے، اور عیدالاضحیٰ سے قبل اس کے کیسز میں اضافے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔
انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ مویشیوں کے ساتھ کام کرتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کریں، دستانے استعمال کریں اور جانوروں کے خون یا جسمانی رطوبت سے براہ راست رابطے سے گریز کریں۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بروقت احتیاطی اقدامات نہ کیے گئے تو وائرس مزید پھیل سکتا ہے۔

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

اہم خبریں