سندھ میں ڈینگی وائرس سے تین بچوں سمیت مزید چار افراد انتقال کر گئے

کراچی: سندھ میں ڈینگی وائرس کی وباء پر قابو نہیں پایا جا سکا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تین بچوں سمیت مزید چار افراد انتقال کر گئے، جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 25 تک پہنچ گئی۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق دو اموات کراچی میں، جبکہ ایک ایک حیدرآباد اور بدین میں رپورٹ ہوئیں۔
انتقال کر جانے والوں میں بدین کے ماتلی علاقے کا چھے سالہ بچہ، حیدرآباد کی تین سالہ بچی، کراچی کیماڑی کی گیارہ سالہ بچی اور کراچی جنوبی کی 30 سالہ خاتون شامل ہیں۔

محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق صوبے بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 899 ڈینگی ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے 1 ہزار 192 کیسز مثبت پائے گئے۔
کراچی ڈویژن میں 4 ہزار 371 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 642 کیسز کی تصدیق ہوئی، جبکہ حیدرآباد ڈویژن میں 1 ہزار 528 ٹیسٹوں میں 550 کیسز مثبت آئے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے سرکاری اسپتالوں میں 109 نئے مریض داخل ہوئے، جبکہ پرائیویٹ اسپتالوں میں 100 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق رواں سال کے دوران ڈینگی سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 10 ہزار 502 تک جا پہنچی ہے۔

ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ غیر معیاری صفائی، گندگی کے ڈھیر اور کھلے پانی کے ذخائر ڈینگی مچھر کی افزائش کا باعث بن رہے ہیں۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ گھروں اور آس پاس پانی جمع نہ ہونے دیں، مچھر مار اسپرے اور ریپیلنٹ کا استعمال کریں، اور صبح و شام کے اوقات میں بچوں کو مکمل آستین کے کپڑے پہنائیں۔

طبی ماہرین نے خبردار کیا کہ تیز بخار، جسم میں درد، قے یا آنکھوں کے پیچھے درد کی صورت میں خود علاج سے گریز کریں اور فوری طور پر قریبی اسپتال سے رجوع کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے