کورنگی میں 20 روزہ بچے میں ایم پاکس کی تصدیق، ابنِ حسن اسپتال سیل

کراچی: سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے ملیر 15 میں قائم غیر قانونی ابنِ حسن اسپتال سیل کردیا، کارروائی کے دوران مزاحمت پر پولیس طلب کرلی گئی۔

سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن (ایس ایچ سی سی) کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کورنگی کی رپورٹ پر کارروائی کی گئی، جس میں 20 روزہ نومولود میں منکی پاکس (ایم پاکس) وائرس کی تصدیق کی اطلاع دی گئی تھی۔

کمیشن کے مطابق ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ نومولود کا ختنہ مبینہ طور پر آلودہ قینچی کے ذریعے کیا گیا، جس کے بعد بچہ انفیکشن کا شکار ہوا۔ بچے کے نمونے کی ڈاؤ لیبارٹری میں جانچ کے دوران ایم پاکس کی تصدیق ہوئی۔

ایس ایچ سی سی حکام نے ڈی ایچ او کورنگی اور ایس ایس پی کورنگی کے تعاون سے ملیر 15 میں سعودآباد پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع ابنِ حسن اسپتال کے خلاف کارروائی کی۔ کمیشن کے مطابق اسپتال غیر قانونی طور پر چلایا جا رہا تھا، جہاں غیر مستند عملہ اور اتائی طبی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

کارروائی کے دوران مبینہ طور پر مزاحمت کی گئی اور کمیشن کے عملے کو روکنے کے لیے مزید افراد کو بھی بلایا گیا۔ پولیس کی مدد سے صورت حال پر قابو پانے کے بعد اسپتال سیل کردیا گیا۔

ایس ایچ سی سی کے مطابق اسپتال میں صفائی کی ناقص صورت حال، انفیکشن سے بچاؤ اور اس پر قابو پانے کے ناکافی انتظامات اور مبینہ طبی بے ضابطگیوں کے باعث مریضوں کی حفاظت اور صحتِ عامہ کو سنگین خطرات لاحق تھے۔

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

اہم خبریں